سابق بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ وسیم اکرم کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی۔سابق عظیم بھارتی بیٹر نے اپنی تحریر میں لکھا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم مگر اصل میں یہ بیٹ اور بال کی جنگ ہوتی ہے،وسیم اکرم حریفوں کیلیے چیلنج ثابت ہوتے تھے۔اس معیار کے بولر کے مقابل کھیلتے ہوئے بیٹر کو بھی بہت کچھ سیکھنے اور اپنا کھیل بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے، یہ تجربہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتا ہے۔سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ وسیم اکرم ایک ماسٹر تھے جن کے ہاتھوں میں گیند بولتی تھی، زیادہ تر بولرز کے برعکس سابق پیسر کا رن اپ نیچرل تھا،ان کو قدم گننے کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی۔وسیم اکرم کسی بھی سٹارٹ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے موثر ہوتے، میں نے جب پہلی بار ان کا سامنا کیا تو بالکل ہی نیا اور منفرد تجربہ ہوا،ان کیخلاف کھیلا گیا ہر میچ مجھے یاد ہے۔