آسڑیلیا کیخلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے موقع پر پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ہم نے یہاں آنے کے بعد بھرپور پریکٹس سیشنز کئے ہیں۔ یہاں کی پچز میں پاکستان کے مقابلے میں مختلف بائونس ہے اور ہمیں بائونس کے مطابق ہونے میں وقت لگا۔ ہم کافی خوش قسمت ہیں کہ ہم اسی مقام پر پریکٹس گیم حاصل کر رہے ہیں جہاں سیریز کے ہمارے ابتدائی دو میچوں کی میزبانی کی جائے گی۔ اس سے حالات سے واقف ہونے میں مدد ملے گی۔ پریکٹس میچ میں تیز گیند بازوں نے اچھی گیند بازی کی اور ان حالات میں ان کا کلیدی کردار ہوگا۔
دوسری طرف سپنرز کو یہاں ضرورت کے مطابق اپنی لائن اور لینتھ کو ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔بلے بازوں کو وکٹ پر سیٹ ہونے کی ضرورت ہے، اور ایک بار جب وہ سیٹ ہو جائیں گے تو ان کے لیے رنز بنانا آسان ہو جائے گا۔ ہم نے خود کو اچھی طرح سے تیار کیا ہے اور سیریز میں بہتر نتائج دینے کے لیے اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں گے۔ہم نے اب تک آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچوں میں واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز بھی بہت اہم ہے۔ ہم سیریز میں اپنے منصوبوں پر قائم رہنے کی کوشش کریں گے۔