سندھ نے بین الصوبائی نیٹ بال چیمپیئن شپ میں خواتین کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی افتخار احمد خٹک ڈپٹی سیکرٹری، وزارت بین الصوبائی رابطہ تھے۔ جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، سیکرٹری سید گوہررضا، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق نائب وحید شیخ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
گزشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں کھیلے گئے خواتین کے فائنل میں سندھ نے پنجاب کو 2-15 گولوں سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں خیبرپختونخوا نے گلگت بلتستان کو 2-13 گولوں سے ہرا دیا۔ بین الصوبائی نیٹ بال چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے سات ٹیموں نے حصہ لیا۔
جن میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔نیشنل مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپئین آج ہفتہ سے شروع ہو گی۔ جس میں بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔