انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتھ افریقا میں آغاز ہو گیا، میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں سری لنکا کی خواتین ٹیم نے ساتھ افریقا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔کیپ ٹائون میں کھیلے گئے گروپ اے کے پہلے میچ میں سری لنکا اور ساتھ افریقا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔
لنکن ٹیم کی جانب سے کپتان چماری اتاپاتو نے 50 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ وشمی گناراتنے نے 34 گیندوں پر 35 رنز بنائے، میزبان ٹیم کی جانب سے شبنم اسماعیل، میریزین اور نڈین نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ساتھ افریقن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا سکی اور محض 3 رنز سے شکست سے دوچار ہوئی، کپتان سن لوس نے 28 جبکہ اوپنر لاورا ولوارڈت نے 18 رنز کی اننگ کھیلی۔سری لنکن کپتان چماری اتاپاتو کو میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔