نوجوان بھارتی بیٹر شبمن گل کو گزشتہ ماہ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوری 2023 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیون کانوے اور بھارتی کھلاڑی محمد سراج کے ساتھ نامزد کئے گئے شبمن گل نے جنوری میں وائٹ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت یہ اعزاز حاصل کیا۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر نے گزشتہ ماہ حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں ڈبل سنچری بنائی تھی، انہوں نے سنسنی خیز مقابلے میں 149 گیندوں پر 209 رنز بنائے جبکہ بھارت نے میچ میں 12 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔شبمن نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دیگر میچز میں 40 اور 112 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔23 سالہ نوجوان بیٹر نے پچھلے مہینے میں اپنی پہلی ٹی 20 سنچری بھی ریکارڈ کی تھی جب انہوں نے ناقابل شکست 126 رنز بنائے تھے۔