پشاور(سپورٹس رپورٹر)آل پاکستان بینک آف خیبر ویمنز سکواش چیمپئن شپ واپڈا کی نور العین نے جیت لی‘ خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بینک آف خیبر آل پاکستان ویمنز سینئر سکواش چیمپئن شپ کا فائنل گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں واقع قمرزمان سکواش کمپلیکس میں منعقد ہوا‘اس موقع پر بینک خیبر کے ایچ آر ہیڈ محمد آصف مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سکواش لیجنڈ قمرزمان‘ نائب صدر احسان اللہ‘ چیف آرگنائزر و چیف ریفری منور زمان‘ ایسوسی ایٹ ایٹ سیکرٹری سجاد خلیل‘محب اللہ خان‘فنانس سیکرٹری وزیر زادہ‘ کوچزعادل فقیر اوردیگر شخصیات موجود تھیں
فائنل میں واپڈا کی نور العین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیڈ ٹی بی ایل کی روشنا محبوب کے خلاف تین دو سے کامیابی حاصل کی‘نور العین نے فائنل میں بتیس منٹ کے مقابلے کے بعد گیارہ آٹھ‘ دو گیارہ‘ گیارہ پانچ‘ چھ گیارہ اور گیارہ پانچ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا‘ چار روزہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے بہترین 32 ٹاپ رینک کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں پاک آرمی‘ واپڈا‘ ایس این جی پی ایل‘ زیڈ ٹی بی ایل‘پنجاب‘ سندھ اور کے پی کی پلیئرز شامل تھیں‘مقابلوں میں شرکت کرنیوالی ٹاپ رینک کھلاڑیوں میں نور العین‘ مریم ملک‘ کومل خان‘ نور الہدیٰ‘ مہوش علی‘ روشنا محبوب‘ کائنات عامر‘ ام کلثوم‘ آمنہ ملک‘حراء عقیل‘ثناء بہادری‘ذہرا عبداللہ‘ مناہل عقیل‘ حفصہ یوسف‘ مائرہ حسین‘ ناہید فیض‘ وجیہہ الطاف‘ نمرہ عقیل‘ عائشہ شہباز‘ ملیحہ شاہ‘ بشریٰ شہباز‘ سارہ نور‘ ناشیہ شاہد اور مشال خان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا
سکواش لیجنڈ نے سپانسر بینک آف خیبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے بینک آف خیبر کے ایم ڈی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور دیگر مالیاتی اداروں کو بھی ان کی تقلید کرنے کی اپیل کی‘بینک آف خیبر کے ایچ آر ہیڈ محمد آصف نے بہترین مقابلوں کے انعقاد پر آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی اور عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی بینک آف خیبر کھیلوں کے فروغ و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔