راشد لطیف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو اس وقت بابر اعظم سے بہترین کپتان نہیں مل سکتا۔
قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کی کوشش کرنے والے سابق کرکٹرز اپنی حرکتوں سے باز آجائیں کیونکہ بابر سے بہترین کپتان قومی ٹیم کو اس وقت کوئی اور نہیں ملے گا۔
راشد لطیف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے کچھ سابق سپر اسٹار کرکٹرز کو بابر اعظم سے کوئی مسئلہ ہے اس لیے وہ انہیں کپتانی سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اپنے بلے سے ناقدین کی باتوں کا جواب دے رہا ہے جو شاید انکی سمجھ میں نہیں آرہا۔
راشد لطیف نے بابراعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر خود کو تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک بنا چکے ہیں، ہم نے اسے اپنی آنکھوں کے سامنے لاتعداد سنچریاں اسکور کرتے ہوئے دیکھا ہے جو ان کے لیے معمول کی بات ہے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ جب بابراعظم ریٹائر ہو جائیں گے تو بلاشبہ اُنہیں تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں یاد رکھا جائے گا۔