پاکستان انڈر19 کی دس وکٹوں سے جیت، اسپنرز چھائے رہے۔
چٹوگرام ( بنگلہ دیش )۔ اسپنرز علی اسفند اور عرفات منہاس کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کو واحد چار روزہ میچ کے آخری دن 10وکٹوں سے شکست دیدی۔
ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری دن پاکستان انڈر19 ٹیم کو جیتنے کے لیے صرف 22 رنز کا ہدف ملا تھا۔ اوپنرز شاہ زیب خان اور آزان اویس نے بالترتیب 19اور 4رنز بناکر اپنی ٹیم کوساتویں اوور میں جیت سے ہمکنار کردیا۔
اس سے قبل میزبان ٹیم نے اپنے گزشتہ روز کے اسکور 166رنز3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن پوری ٹیم292 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش انڈر 19کے کپتان شہریار ثاقب اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹر ثابت ہوئے ۔ وہ چودہ چوکوں کی مدد سے 235گیندوں پر106 رنز بناکر لیفٹ آرم اسپنر علی اسفند کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
انہوں نے زکریا اسلام کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 60رنز کا اضافہ کیا۔زکریا اسلام 23رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جس وقت شہریار ثاقب آؤٹ ہوئے میزبان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے نو رنز درکار تھے اور اس کی چار وکٹیں باقی تھیں لیکن پاکستانی اسپنرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 292رنزپر آؤٹ کردیا اس طرح اسے صرف21 رنز کی سبقت مل سکی۔
علی اسفند نے66 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں انہوں نے 103رنز کے عوض 6کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ عرفات نے49 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان انڈر19 کے شاہ زیب جنہوں نے پہلی اننگز میں شاندار 174رنز اسکور کیے تھے مین آف دی میچ قرار پائے۔
میچ کا مختصر اسکور۔ بنگلہ دیش انڈر19 ۔ 149رنز آل آؤٹ ۔ شیخ پرویز جیبون56 ۔ شہریار ثاقب 48۔ عامر حسن۔29/4 ۔ محمد اسمعیل41/3۔ علی اسفند 37/2۔
اور292 رنز آل آؤٹ۔ شہریارثاقب106۔ عاشق الرحمن شبلی79۔ علی اسفند66/4۔ عرفات منہاس49/3۔ محمد اسمعیل 67/2۔
پاکستان انڈر19 ۔420 رنز آل آؤٹ۔ شاہ زیب خان174 ۔ عبید شاہد67۔ علی اسفند40 آزان اویس 40۔ وسیع صدیقی86/5۔ اقبال حسین81/4۔
اور 23رنز بغیر کسی نقصان ۔ شاہ زیب خان 19ناٹ آؤٹ۔
اب دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی۔
ون ڈے سیریز چھ مئی سے شروع ہوگی۔