پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ۔

 

پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ مہران ممتاز کی 11 وکٹیں

پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کے خلاف کھیلا گیا پہلا چار روزہ میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

 

پاکستان شاہینز کو جیتنے کے لیے 106 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے انیسویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان عمران بٹ نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

 

لیفٹ آرم اسپنر مہران ممتاز اس میچ کے ہیرو رہے جنہوں نے دوسری اننگز میں 110 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 47 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اسطرح انہوں نے میچ میں 157رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں۔

 

چار روزہ میچ کے آخری دن میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 157 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی ۔

اوپنر جوئے لارڈ گمبی پندرہ چوکوں کی مدد سے 115 رنز بناکر مہران ممتاز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
زمبابوے اے کی ٹیم اپنے لوئر آرڈر بیٹسمینوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں دوسری اننگز میں 104اعشاریہ 4اوورز کی بیٹنگ میں 401 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئ

۔

برینڈن ماووتا41 اور فراز اکرم 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تناکا چیوانگا نے نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے58 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

 

مہران ممتاز کی چھ وکٹوں کے علاوہ محمد علی اور میرحمزہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کی دوسری اننگز میں کپتان عمران بٹ اور عمیریوسف نے پہلی وکٹ کی شراکت میں65 رنز کا اضافہ کیا۔

 

عمیر یوسف دو چوکوں کی مدد سے33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام 2رنز بنا پائے جس کے بعد عمران بٹ اور نائب کپتان حسین طلعت نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

 

عمران بٹ54 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حسین طلعت نے ایک چھکے کی مدد سے11 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔

 

پاکستان شاہینز اور زمبابوے اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ 10 مئی سے کھیلا جائے گا۔

میچ کا مختصر اسکور ۔

پاکستان شاہینز پہلی اننگز521 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئرڈ ۔ عمیر بن یوسف 250 ناٹ آؤٹ، محمد حریرہ 178، حسین طلعت 51 ناٹ آؤٹ۔
دوسری اننگز۔ 111رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ۔ عمران بٹ62 رنز ناٹ آؤٹ۔
زمبابوے اے پہلی اننگز۔225۔ ڈیون مائرز 56 ۔ مہران ممتاز 47/5 وکٹ۔
اور دوسری اننگز۔401 رنز ۔ جوئے لارڈگمبی115 ۔چیوانگا 58 ماکونی 57۔ مہران ممتاز 110رنز دے کر6 وکٹیں

 

 

تعارف: News Editor