تیسرا ون ڈے : زمبابوے کے خلاف پاکستان شاہینز کی ڈک ورتھ قانون کے تحت 5 رنز سے کامیابی

 

 

تیسرا ون ڈے : زمبابوے کے خلاف پاکستان شاہینز کی ڈک ورتھ قانون کے تحت 5 رنز سے کامیابی ، قاسم اکرم کی ناقابل شکست نصف سنچری۔

ہرارے، 21 مئی 2023:

پاکستان شاہینز نے زمبابوے سلیکٹ کے خلاف تیسرا ون ڈے ڈک ورتھ قانون کے تحت 5 رنز سے جیت لیا۔
چھ میچوں کی سیریز میں یہ اس کی پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل دونوں میچز زمبابوے سلیکٹ نے جیتے تھے۔

 

میچ کی خاص بات بیس سالہ قاسم اکرم کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 57 رنز بنائے جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔

پاکستان شاہینز کی اننگز کے سنتالیسویں اوور میں امپائرز نے کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا اسوقت پاکستان شاہینز نے8 وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے اور اسے 19گیندوں پر جیت کے لیے مزید16 رنزدرکار تھے۔

تیسرے میچ میں ٹیم تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔ کپتان عمران بٹ ۔ مہران ممتاز اور میرحمزہ کی جگہ عمیر بن یوسف ۔ قاسم اکرم اور محمد علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ قیادت کی ذمہ داری حسین طلعت نے سنبھالی ۔

زمبابوے سلیکٹ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے46 اعشاریہ 5اوورز میں وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے۔

زمبابوے سلیکٹ کی اننگز میں اس کی پانچ وکٹیں 137 رنز پر گرگئی تھیں اس موقع پر شان ولیمز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 78 رنز اسکور کیے جس میں 3چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

37 سالہ شان ولیمز کی یہ ایک روزہ مقابلوں میں 44 ویں نصف سنچری ہے۔ انہوں نے وکٹ کیپر کلائیو مداندے کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کیا۔ مداندے اور ولیمز دونوں کو شاہنواز دھانی نے آؤٹ کیا جو اس سے قبل اوپنر جوئے لارڈ گمبی کی وکٹ بھی حاصل کرچکے تھے۔ انہوں نے اپنی چوتھی وکٹ ٹینڈائی چتارا کو آؤٹ کرکے حاصل کی ۔

شاہنواز دھانی نے 10اوورز میں 43رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ عامرجمال نے60 رنز کے عوض تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ تین میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز محمد حریرہ اور صائم ایوب نے کیا تاہم دونوں 47 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔صائم ایوب نے پانچ چوکوں کی مدد سے28 رنز بنائے جبکہ محمد حریرہ 19 رنز بناسکے جس میں تین چوکے شامل تھے۔
عمیربن یوسف اور حسیب اللہ تیسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کرپائے تھے کہ عمیر بن یوسف 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

حسیب اللہ خان نے چھ چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان حسین طلعت10 اور کامران غلام 27 رنز بناسکے۔

پاکستان شاہینز کی چھٹی وکٹ گری تو اسکور 169 رنز تھا اس موقع پر بیس سالہ قاسم اکرم اور اکیس سالہ مبصرخان 67 رنز کااضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

 

پاکستان شاہینز کو آخری دس اوورز میں جیت کے لیے 56 رنز درکار تھے تاہم 42 ویں اوور میں مبصر خان کی وکٹ گرگئی جنہوں نے تین چوکوں کی مدد سے30 رنز بنائے لیکن قاسم اکرم نے ہمت نہیں ہاری اور ایک ایسی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئے جس نے اپنی ٹیم کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کرڈالا۔

میزبان ٹیم کی طرف سے ٹینڈائی چتارا نے 53 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ون ڈے منگل کے روز کھیلا جائے گا۔

 

مختصر اسکور۔
زمبابوے سلیکٹ 278 رنز ( 50 اوورز ) شان ولیمز 78۔شاہنواز دھانی 43/4وکٹ ۔عامر جمال 60/3 وکٹ۔
پاکستان شاہینز۔263رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 46اعشاریہ 5اوورز ) قاسم اکرم 57 ناٹ آؤٹ حسیب اللہ خان 49 ۔ چتارا 4/53 وکٹ ۔

 

 

 

تعارف: News Editor