گورنرسندھ کی سندھ کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن تقریب میں شرکت
چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد ۔
ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا ۔ گورنرسندھ
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی ۔
شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے صدر حنیف قریشی نے گورنر سندھ کا استقبال کیا ۔ گورنرسندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شطرنج کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا
کہ شطرنج کی 1500 سال پرانی ایک طویل اور شاندار تاریخ ہے، اس کی ابتدا وادی سندھ کی قدیم تہذیب میں ہوئی، جو اس خطہ کے شاندار ثقافتی ورثہ کا ثبوت ہے، وادی سندھ کی تہذیب میں جنم لینے والا یہ کھیل اب پوری دنیا میں پھیل چکا ہے،
یہ ایک ایسا کھیل ہے جو سرحدوں، زبان اور ثقافت سے بالاتر ہو کر تمام لوگوں کے ذہنوں کو موہ لیتا ہے۔انہوںنے کہا کہ شطرنج کے کھلاڑیوں کی غیر معمولی مہارت، جذبے ، استقامت اور نظم و ضبط نے انہیں اس ٹورنامنٹ تک پہنچایا، اس ٹورنامنٹ سے انہیں نہ صرف صوبائی بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا،
یہ ٹورنامنٹ کھیل کے لیے محبت کو فروغ دینے، نوجوان ذہنوں کی پرورش میں معاون ثابت ہوتا ہے ،یہ کھیل تنقیدی سوچ، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، اور تہذیبی اقدار کو ابھارنے کابھی باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ شطرنج ایک ایسا کھیل ہے جو زندگی کی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے اس ضمن میں قومی شطرنج چیمپئن شپ اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمائندگی کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں،
تمام فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد ،جنہوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، 56 ممالک پر مشتمل ایشین شطرنج فیڈریشن کا شطرنج فیڈرشن آف پاکستان کو بہترین فیڈریشن کا اعزاز دیا جانا خوش آئند ہے۔آسٹریلیا، جاپان،
اور چین کی موجودگی میں پاکستان کو یہ اعزاز ایشین شطرنج فیڈریشن کے صدر شیخ سلطان بن خلیفہ ال نہیان نے ابو ظہبی میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ شطرنج فیڈریشن آف پاکستان اس پر مبارکباد کی مستحق ہے، شطرنج کو فروغ دینے کے لیے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔