بھارتی ریسلرز کا احتجاج، تمغے گنگا میں بہانے اور تادم مرگ بھوک ہڑتال کے اعلانات

 

بھارت میں فیڈریشن چیف برج بھوشن کی جانب سے خواتین ریسلرز کی جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاج کرنے والی ریسلرز نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر اپنے میڈلز گنگا برد کرنے کا اعلان کر دیا۔

 

اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک، بجرنگ پونیا اور دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن میڈلسٹ رہنے والی ونیش پھوگت کا کہنا تھا کہ یہ میڈلز ہماری زندگی اور ہماری روح ہیں لیکن اب یہ ہمارے گلے میں بے معنیٰ لگتے ہیں،

اس لیے ہم یہ میڈلز گنگا برد کرنے جا رہی ہیں۔ ریسلرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے سوچا کہ یہ میڈلز صدر اور وزیر اعظم کو واپس کر دیں لیکن اتنے دنوں سے احتجاج کر رہی ہیں دونوں نے اب تک ایک بار بھی نہیں پوچھا کہ ہم کیوں احتجاج کر رہی ہیں، نہ ہی انہوں نے اس معاملے پر ایک بھی بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم سے مایوسی کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے
کہ ہم یہ میڈلز گنگا برد کردیں گی اور پھر انڈیا گیٹ پر مرتے دم تک بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گی کیونکہ اب جینے کا کوئی مقصد بھی نہیں رہا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ریسلرز نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا
تاہم پولیس نے احتجاج کرنے نہ دیا اور انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ پولیس کس طرح گھسیٹتے ہوئے خاتون ریسلرز کو بسوں میں سوار کر رہی تھی جس پر ٹاپ ایتھلیٹس اور اپوزیشن کی جانب سے پولیس کے رویے اور حکومت پر سخت تنقید کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ خواتین ریسلرز نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے طاقتور سیاستدان اور فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کی جانب سے برسوں تک ہراساں کیے جانے کے خلاف اپریل میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ فیڈریشن چیف برج بھوشن کی جانب سے الزامات کی تردید کر دی گئی تھی۔

تعارف: News Editor