وزیراعظم شہباز شریف سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ملاقات کی ہے، جس میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق گفتگو ہوئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو ایشیاکپ اور ورلڈکپ کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے نجم سیٹھی پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہیں گورننگ بورڈ کے لیے نامزد کیا جب کہ مزید ایک رکن بھی حکومت کی جانب سے نامزد ہوگا جس کے لیے مصطفیٰ رمدے مضبوط امیدوار ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پی سی بی کے انتخابات کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔نجم سیٹھی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بورڈ نے 2014ء کا آئین مکمل بحال کردیا ہے۔ 90 فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوچکاہے۔ ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیا ہے جس کا جلد اعلان ہوگا جب کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔