انوشے ناصر : انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیاب بولر کے لیے ایشیا کپ نیا چیلنج
لیفٹ آرم اسپنر انوشے ناصر اس سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ دس وکٹیں حاصل کرنے والی بولر تھیں۔ اب وہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتی ہیں۔
انوشے ناصر پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں ″ میری خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں آئے اور ٹائٹل جیتے اور میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے ″۔
انوشے ناصر کہتی ہیں″ جنوبی افریقہ میں انڈر19 ورلڈ کپ کھیلنا میرے لیے اچھا تجربہ رہا تھا ۔ وہ میرا پہلا غیرملکی ٹور تھا اور پاکستان کی طرف سے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینا خواب کی طرح معلوم ہوتا ہے″۔
انوشے ناصر کہتی ہیں″ اس ٹورنامنٹ میں میری کوشش یہی تھی کہ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اچھے سے اچھا کرسکوں۔ میری محنت کام آئی تھی اور ٹیم منیجمنٹ نے بھی بہت سپورٹ کیا تھا اور کافی چیزیں سمجھائی تھیں″ ۔
انوشے ناصر کا کہنا ہے ″ میں نے تجربہ کار اور سینئر کرکٹر کو بھی بولنگ کی ہے اور ان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے″۔
انوشے ناصر بھی متعدد ویمنز کرکٹرز کی طرح ثنا میر کو پسند کرتی ہیں اور انہی کو دیکھ کر انہیں کرکٹر بننے کا شوق ہوا تھا۔ وہ اپنی کرکٹ کا تمام تر کریڈٹ اپنی فیملی کو دیتی ہیں خاص کر اپنے والد کو جو ان کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہے ہیں اور جہاں بھی وہ کھیلنے جاتی ہیں وہ ان کے ساتھ ہوتے ہیں اور ان کی موجودگی انہیں بھرپور حوصلہ فراہم کرتی ہے۔