نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے، کمشنر کراچی
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت سندھ ریجن کے کراچی میں ہونے والے فٹبال کے ٹرائلز کی افتتاحی تقریب کے پی ٹی فٹبال گراؤنڈ میں منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کراچی اقبال میمن تھے جبکہ اعزازی مہمان داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین تھیں۔
ٹرائلز کے لیے آئے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کھیلوں سمیت مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔ اقبال میمن نے بتایا کہ مستقبل قریب میں کراچی کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے کا ارادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر نوجوان اپنے ٹیلنٹ کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں گے تو وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف اول میں ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن اور جامعات کے اشتراک سے کراچی کے نوجوانوں کو جس طرح سے کھیلوں کی جانب راغب کر رہی ہے، اس کے لیے میں بطور کمشنر کراچی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔
داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے بڑی تعداد میں خواتین کھلاڑیوں کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اس حوالے سے داد کا مستحق ہے کہ یہ ادارہ پروفیسرڈاکٹرمختاراحمد کی سربراہی میں ہر شعبہ بشمول کھیلوں کے میدان میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ ملک بھر میں نوجوانوں کو کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے سے ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لانا ممکن ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن فٹبال ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کر رہا ہے اسی لیے میں نوجوانوں کویہ نصیحت کرتی ہوں کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ مثبت اور غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ وہ اچھے شہری بن سکیں۔
فٹبال کے کراچی میں منعقدہ دو روزہ ٹرائلز کے بعد ٹنڈوجام، شہید بینظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں دو روزہ ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایسے تمام نوجوان جن کی عمر 15 سے 25 سال ہے اور وہ فٹبال میں اپنا ٹیلنٹ دکھانا چاہتے ہیں، وہ اپنے قریبی شہر میں ٹرائلز دے سکتے ہیں۔