پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کریں گی۔
مینز ٹیم انگلینڈ کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیمیں انگلینڈ اور پاکستان آئندہ سال مئی میں انگلینڈ میں مدمقابل ہوں گی جہاں ان دونوں کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے علاوہ ہالینڈ اور آئرلینڈ میں بھی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوگا جو آئندہ سال ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی یہ سیریز 22 سے 30 مئی تک کھیلی جائے گی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہوجائیں گی۔
پہلا میچ 22 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ ایجبسٹن برمنگھم میں 25 مئی کو ہوگا۔تیسرا میچ کارڈف میں 28مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ لندن کا اوول گراؤنڈ 30مئی کو چوتھے میچ کی میزبانی کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال میلبرن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایک اوور باقی رہتا تھا۔
اس عالمی ایونٹ سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کی سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں میزبانی کی تھی ۔کراچی اور لاہور میں کھیلی گئی وہ سیریز انگلینڈ نے4 – 3 سے جیتی تھی۔
انگلینڈ اسوقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان پانچ پوائنٹس پیچھے چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ہالینڈ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئرلینڈ میں دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے گی دونوں سیریز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان کی مینز ٹیم کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی آئندہ سال مئی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔اس دورے میں وہ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے۔
پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم دورے کا آغاز 11 مئی کو ایجبسٹن برمنگھم میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے کرے گی۔ اگلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 17 مئی کونارتھمپٹن اور 19 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 23 مئی کو ڈربی میں کھیلا جائے گا۔26 مئی کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ٹاؤنٹن میں ہوگا جبکہ 29مئی کو چیمسفرڈ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی کی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کا نمبر دوسرا ہے جبکہ پاکستان کی رینکنگ ساتویں ہے۔
پاکستان اسوقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 میں دس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی پوزیشن چھ پوائنٹس کے ساتھ اسوقت ساتویں نمبر ہے۔انگلینڈ کی ٹیم نے ابھی تک ایک سیریز کم کھیلی ہے اور وہ چیمپئن شپ میں اپنی تیسری سیریز بارہ سے اٹھارہ جولائی تک آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے والی ہے۔
دوسری جانب چیمپئن شپ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی یہ آخری سیریز ہوگی۔اس سے قبل وہ جنوبی افریقہ کے خلاف یکم سے چودہ ستمبر تک کراچی میں سیریز کھیلے گی جس کے بعد اسے اکتوبر نومبر میں بنگلہ دیش ( اوے ) ۔ نومبر دسمبر میں نیوزی لینڈ ( اوے ) اور اپریل مئی میں ویسٹ انڈیز ( ہوم ) کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔
ابتک پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئن شپ میں تین سیریز کھیلی ہیں اس نے سری لنکا کو دو ایک سے اور آئرلینڈ کو تین صفر سے ہرایا ہے جبکہ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف اسے تین صفر سے شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کا دورۂ انگلینڈ 2024ء
خواتین سیریز۔
11 مئی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ایجبسٹن۔
17مئی دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ نارتھمپٹن۔
19 مئی تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ہیڈنگلے لیڈز۔
23 مئی ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل۔ ڈربی۔
26مئی ۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ ٹاؤنٹن۔
29 مئی۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔چیمسفرڈ۔
مینز سیریز۔
22 مئی ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ہیڈنگلے لیڈز۔
25مئی دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ایجبسٹن برمنگھم۔
28مئی۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔سوفیا گارڈنز کارڈف۔
30 مئی ۔ چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔دی اوول لندن۔