کراچی(اسپورٹس رپورٹر) جرمنی کے شہر برلن میں منعقدہ ورلڈ اسپیشل اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے قومی دستہ میں شامل سندھ کے کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی،
وزیر اعلیٰ ہاوس میں منعقدہ ملاقات میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چئیر پرسن رونق لاکھانی کی سربراہی میں آنے والے کھلاڑی روائیتی قومی سبز لباس میں ملبوس تھے، وزیراعلیٰ سندھ نے کھلاڑیوں سے ان کی نشست پر جاکر ملاقات کی،
رونق لاکھانی نے گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ میں بتایاکہ گیمز میں شریک قومی دستہ کے کھلاڑیوں نے کھیلوں بشمول ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ہاکی، ٹیبل گیارہ ٹینس، تیراکی میں عمدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 گولڈ ، 29 سلور اور 40 برانز میڈلزحاصل کیے، وزیر اعلیٰ نے کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسپیشل اولمپک پاکستان کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا،
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے معازشرے کا اہم حصہ ہیں جبکہ سندھ حکومت اسپیشل کھلاڑیوں کے لیے گراونڈ تعمیر کرائے گی اور ان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے اس ضمن میں چیف سیکریٹری، وزیر سوشل ویلفیئر ساجد جوکھیو اور معان خاص برائے کھیل ارباب لطف اللہ کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں،
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ٹی شعبہ میں کام کرنے والے اسپیشل اولمپک سائیکلسٹ کھلاڑی سفیر عابد کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا، وزیر اعلی نے کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔