سری لنکا کے خلاف 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ہفتہ کی شب دبئی کے راستے کولمبو روانہ ہو گئی جب کہ ویزا نہ ملنے کے سبب پاکستان نہ آسکنے والے بولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
آئی سی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی آزمائش میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچنے والی قومی ٹیم سیریز سے قبل 11اور12جولائی کو 2 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں 24سے 28جولائی تک شیڈول ہے۔
دورہ سری لنکا میں مقامی مشکل کنڈیشنز کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم ( کپتان ) محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان ) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا،سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود پر مشتمل ہے۔