خواتین کا پہلا ٹی 10 ٹورنامنٹ دسمبر میں سری لنکا میں ہوگا
دنیا کے تیزین فارمیٹ ٹی 10 یواے ای اور زمبابوے کے بعد اب سری لنکا میں بھی منعقدہ ہونے جارہا ہے جہاں لنکا ٹی 10 لیگ کا افتتاحی ایڈیشن رواں سال کے اختتام پر کھیلا جائے گا ۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کا واحد ٹورنامنٹ ہے جس میں خواتین ٹیمیں بھی میدان میں اتریں گی ۔
لنکا ٹی 10 لیگ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں شرکت کریں جس میں 6 مردوں اور 4 خواتین کی ہوں گی۔ ہر ٹیم 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جس میں 6 غیرملکی کھلاڑی ہوں گے ۔
لنکا ٹی 10 کا انعقاد ٹی 10 گلوبل کے اشتراک سے کیا جارہا ہے جو رواں ماہ منعقد ہونے والے ریم ایفرو ٹی 10 میں بھی شراکت دار ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کامیابی کی داستان بنے گا اور سری لنکا کرکٹ کو کھیل کے بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے گا۔
ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے چیئرمین شجیع الملک نے کہا کہ وہ سری لنکا میں ٹی 10 کرکٹ کے دلچسپ برانڈ کو لانے پر بہت خوش ہیں اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔