ایشین گیمز میں حصہ لینے والے ضلع خیبر کے تیر انداز اسرار الحق کی سپانسرشپ پر صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ خاموش

 

ایشین گیمز میں حصہ لینے والے ضلع خیبر کے تیر انداز اسرار الحق کی سپانسرشپ پر صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ خاموش

مسرت اللہ جان

 

پشاور…ایشین گیمز میں خیبر پختونخواہ کی جانب سے آرچری کے کھیل میں نمائندگی کرنے والے پہلے تیرانداز اسرارا لحق کی سپانسرشپ کیلئے ابھی تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا جاسکا صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو درخواست دینے کے باوجود ابھی تک صوبائی ڈائریکٹریٹ نے اس معاملے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ اسرار الحق کو چین میں ہونیوالے مقابلوں میں شرکت کیلئے سپانسرشپ دی جائے گی.

 

اسرار الحق کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے اور گذشتہ کئی سالوں سے آرچری کے کھیل سے وابستہ ہیں، ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پہلے تیر انداز کالج میں تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں اور اپنی بہترین کارکردگی کی بناء پر ایشین گیمز میں حصہ لینے کیلئے منتخب ہوئے ہیں وہ صوبے کی نمائندگی کرنے والے پہلے تیر انداز ہیں.اسرار الحق پختونخواہ آرچری کلب کے تیرانداز ہیں اور آج کل لاہور میں ایشین گیمز کیلئے لگائے جانیوالے آرچری کیمپ میں تربیت حاصل کررہے ہیں. آرچری کیمپ میں وقفہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے ساتھی تیر اندازوں سے ملنے کیلئے پشاور سپورٹس کمپلیکس آئے ہوئے تھے.

 

آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ کا موقف ہے کہ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ایسے ضلع جہاں پر کسی زمانے میں دہشت گردی تھی وہاں سے تیر اندازی کا ایسا کھلاڑی نکلا ہے جو کہ چین میں ہونیوالے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا اور یہ ہمارے صوبے کیلئے بھی بڑی بات ہے

 

ذوالفقار بٹ کے مطابق اسرار الحق نے ابھی تک انہوں نے قومی آرچری کیمپ میں جو پوائنٹس بنائے ہیں وہ اولمپک کے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ہیں لیکن یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو درخواستیں دینے کے باوجود ابھی تک صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ نے قومی تیر اندازکو کسی قسم کی مالی تعاون کی یقین دہانی نہیں کرائی ایسی صورت میں اسرار الحق کس طرح چین میں ہونیوالے ایشین گیمز میں حصہ لیں گے یہ بڑا سوالیہ نشان ہے.

 

 

تعارف: News Editor