پختونخواہ آرچری کلب کے زیر انتظام سپورٹس کمپلیکس میں تیر اندازی کے مقابلوں کا انعقاد
مسرت اللہ جان
پشاور.. یوم آزادی کی مناسبت سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں پختونخواہ آرچری کلب کے زیرانتظام آرچری کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا.جس میں نئے تیر انداز جس میں خواتین تیر انداز بھی شامل تھی نے حصہ لیا جن کی تعداد کم و بیش پندرہ کے قریب تھی جن کے مابین اٹھارہ میٹر اور تیس میٹر پر تیر اندازی کے مقابلے کروائے گئے
چودہ اگست کی مناسبت سے ہونیوالے ان مقابلوں کی ابتدا سپورٹس کمپلیکس میں واقع مسجد میں ختم قرآن پاک سے کی گئی جس میں تیر انداز وں نے حصہ لیا بعد ازاں مسجد کے پیش امام نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی. بعد ازاں پشاور سپورٹس کمپلیکس میں مقابلے منعقد کروائے گئے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ تھے
جبکہ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے قومی تیر انداز اسرار الحق بھی اس موقع پر شریک ہوئے جو آج کل لاہور میں ایشین گیمز کیلئے ہونیوالے تیر اندازی کے کیمپ میں حصہ لینے گئے ہوئے ہیں اور یوم آزادی کے موقع پر کیمپ میں وقفے کی وجہ سے پشاور آئے ہوئے تھے پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ذوالفقار فٹ اور اسرار الحق نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے تیر انداز لڑکوں اور لڑکیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے.
اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ذوالفقاربٹ نے کھلاڑیوں پر زوردیا کہ وہ اپنے کھیل کی بہتری پر توجہ دیں اور کھیل میں مستقل مزاجی اختیار کریں تبھی انہیں کامیابی مل سکتی ہے انہوں نے یوم آزادی کی حوالے سے منعقدہ آرچری کے مقابلوں پر کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ آزادی کی قدر کریں اور پاکستان کی سربلندی کیلئے اپنی شعبوں میں نمایاں کام کریں تاکہ پاکستان کا نام روشن ہو.