پاکستان نے افغانستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی،
قومی ٹیم نے افغانستان کا 301 رنز کا ہدف 49.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے،
شاداب خان نے 48 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی
مہندا راجا پاکسے سٹیڈیم ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔ اوپننگ جوڑی رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 227 رنز بنائے،
گرباز نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کی، وہ 151 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں، ابراہیم زادران نے بھی 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ محمد نبی 29 ، راشد خان 2، شاہد اللہ ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے
کپتان حشمت اللہ شاہدی 15 اور عبدالرحمان 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان افغانستان کا 301 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 49.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اوپنر امام الحق اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز شراکت قائم کرکے اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 30 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان بابراعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کردیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 118 قیمتی رنز بنائے۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم 53 رنز کی اننگز کھیل کر فضل الحق فاروقی کے ہاتھوں آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تیزی سے شروع ہوگیا، محمد رضوان 2 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے، آغا سلمان 14 رنز اور اسامہ میر بغیر کوئی رن بنائے محمد نبی کے ایک ہی اوور میں آئوٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹر افتخار احمد نے بنانے کے بعد محمد نبی کی بال پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ 211 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب امام الحق 91 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔ اس کے بعد افتخار احمد اور شاداب خان نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم افتخار احمد 258 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے،
شاداب خان نے دوسرے اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا، نئے آنے والے بیٹر شاہین آفریدی 272 کے مجموعی سکور پر 4 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو پاکستان کی جیت کی امیدیں معدوم ہوتی نظر آنے لگیں تاہم اس موقع پر شاداب خان نے شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تاہم وہ فضل الحق فاروقی کی بال پر 48 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔
پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے کہ نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر فاتحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ وہ 10 اور حارث رئوف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ افغانستان کی طرف سے فضل الحق فاروقی نے 3، محمد نبی نے 2 جبکہ مجیب الرحمان اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
.@iNaseemShah does it again! 🤩
Pakistan ride on @76Shadabkhan's excellent knock and @ImamUlHaq12's glorious 91 to gain an unassailable 2️⃣-0️⃣ lead 💪🇵🇰#AFGvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/olIrabso3e
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 24, 2023