تیسرا ون ڈے ; پاکستان نے افغانستان کو 59 رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔

 

 

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 59 رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔

 

 کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹگ کا فیصلہ کیا،

قومی ٹیم نے افغانستان کی ٹیم کو جیت کیلئے مقررہ 50 اوورز میں 269 رنز کا ہدف دیا۔

 

قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع میں مشکلات کا شکار رہی، اوپنر بلے باز فخر زمان 27 جبکہ امام الحق 13 رنز پر گلبدین نائب کا شکار بنے۔

 

 کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے وکٹ پر جم کر بیٹنگ کی تاہم رنز کی رفتار انتہائی سست رہی، بابر اعظم 86 گیندوں پر 60 جبکہ محمد رضوان 79 گیندوں پر 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 

 قومی ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں آغا سلمان نے ناقابل شکست 38 بنائے، اس کے علاوہ محمد نواز نے 30، سعود شکیل نے 9 اور شاداب خان نے 3 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فرید احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور راشد خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

 

جوابی اننگز میں افغانستان کی ٹیم نے 269 رنز کے تعاقب کا آغاز انتہائی محتاط انداز سے کیا، افغان ٹیم کے رنز کی رفتار بھی انتہائی سست رہی جبکہ دوسری طرف سے یکے بعد دیگرے وکٹیں بھی گرتی رہیں۔

 

افغانستان کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مجیب الرحمان 37 گیندوں پر 64 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

 

افغانستان کے دیگر کھلاڑیوں میں سے شاہد اللہ کمال نے 37، ریاض حسن نے 34، فرید احمد ملک نے 17 جبکہ راشد خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

پاکستانی باؤلرز کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

 

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے دوسرے جب کہ بھارت تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

 

 

 

error: Content is protected !!