کھیلو پاکستان انٹر اسکولز آرچری چیمپئن شپ اکتوبر میں ہوگی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ”کھیلو پاکستان“ انٹر اسکولز آرچری چیمپئن شپ اکتوبر میں کراچی میں منعقد کی جائے گی جس میں کراچی کے تمام اسکولز شرکت کر سکیں گے
جبکہ اوپن کیٹیگری میں کراچی کے آرچری کلبز بھی شرکت کریں گے۔یہ بات کوالٹی یوتھ آرچری ڈیولپمنٹ کی سیکریٹری کنول حسان نے گزشتہ روز بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی سطح پر پہلی بار منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے لیے ہمارے ساتھ اسپورٹس فار آل نے اشتراک کیا ہے
تاکہ ایونٹ کو شایان شان انداز سے منعقد کیا جا سکے جبکہ تجربہ کار انٹر نیشنل کوچ حسان عبداللہ ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کی 20سے22اکتوبر تک شیڈول کئے گئے اس انٹر اسکولز ایونٹ میں اے لیول،او لیول کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیز کی ٹیموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
پہلی بار پاکستان میں گراس روٹ لیول پر ایسا ایونٹ کیا جائے گا جس کا معیار کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ سے کسی بھی طرح کم نہیں ہوگا،اس ایونٹ کا مقصد بین الاقوامی سطح کی اسکورنگ سے گراس روٹ لیول پر کھیلنے والے تیر اندازوں کو روشناس کروانا ہے
تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لائیں اور نا صرف نیشنل بلکہ انٹر نیشنل مقابلوں کے لئے بھی خود کو تیار کر سکیں۔