ایشین گیمز : پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کل کوارٹرفائنل میں انڈونیشیا کے مدمقابل
پاکستان دو مرتبہ گولڈ میڈل جیت چکا ہے۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم 19 ویں ایشین گیمز میں اپنی پیشقدمی جمعرات کے روز انڈونیشیا کے خلاف میچ سے شروع کرے گی۔ پاکستان نے 2010اور2014 میں خواتین کرکٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور اس کی نظریں تیسرے گولڈ میڈل پر لگی ہوئی ہیں۔یہ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے۔
پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم چونکہ آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ایشیا کی چار ٹاپ ٹیموں میں سے ایک ہے لہذا اسے براہ راست ایونٹ میں کوارٹرفائنل سے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان میچ زی جیانگ یونیورسٹی ہانگزو کی پنگ فینگ کرکٹ فیلڈ میں کھیلا جائے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم ندا ڈار کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرچکی ہے اس سیریز میں سدرہ امین بیٹنگ میں 133 رنز کے ساتھ نمایاں رہی تھیں جبکہ بولنگ میں لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال چار چار وکٹوں کے ساتھ قابل ذکر رہی تھیں۔
کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں ۔ ٹیم نے ہانگزو میں دو دن پریکٹس کی ہے اور وہ انڈونیشیا کے خلاف میچ کے لیے تیار ہے۔ ایشین گیمز ہمارے لیے اہم ہے اور ہم ایک بار پھر گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے سے ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے اور ہم جیت کا یہ تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنلز چوبیس ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ پچیس ستمبر کو ہوگا۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ انوشے ناصر۔ ڈیانابیگ ۔منیبہ علی۔ نجیہہ علوی۔ نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ عمائمہ سہیل۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ شوال ذوالفقار۔ سدرہ امین۔ سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی۔
سپورٹ اسٹاف۔ عائشہ اشعر ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) رفعت گل ( فّزیوتھراپسٹ )