پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس نویں ایڈیشن میں کسی ٹیم کا اضافہ نہیں ہوگا
پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ سے متعلق مختلف اہم پہلو زیرغور آئے۔
اجلاس میں یہ طے پایا کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے لیے 8 فروری سے 24 مارچ 2024کی ونڈو رکھی گئی ہے۔ پی ایس ایل کے حتمی شیڈول کی منظوری اگلے اجلاس میں دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہیں ہوگا اور یہ لیگ چھ ٹیموں کے ساتھ ہی کھیلی جائے گی۔
اجللاس میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے ضمن میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران ویمنز لیگ یا نمائشی میچوں کے انعقاد کے مواقع تلاش کرنے کے ضمن میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اجلاس میں یہ طے پایا کہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ ہنگامی منصوبہ بندی کے تحت لیگ کے متبادل مقامات کے سلسلے میں فرنچائزز کے ساتھ نظر رکھے گا۔
اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابق مالک عالمگیر ترین کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر ذکا اشرف نے کہا کہ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات گرانقدر تھیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اجلاس میں ایچ بی ایل پی سی ایل 9۔کے ڈیجیٹل اور میڈیا حقوق اور دیگر تجارتی معاملات کے ٹینڈر کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر فرنچائزز کے نمائندوں کو آٹھویں ایڈیشن کی کامیابی کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر فرنچائزز نے لیگ کے چاروں مقامات پر لیگ کو کامیابی سے منعقد کرنے پر پی سی بی حکومت کے اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔