کراچی ; انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ 2023-24 بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس بوائز و گرلز کے مقابلہ جات کی فاتح ٹیموں کا اعلان

 

 

 

انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ 2023-24 بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس

بوائز و گرلز کے مقابلہ جات کی فاتح ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا، حور مظہر

 

کراچی …… ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسپورٹس حور مظہر کے اعلامیہ کے مطابق انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ برائے سال 2023-24 ء کے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس بوائز و گرلز کے مقابلہ جات کا انعقاد

سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد میں کیا گیا ان مقابلہ جات میں بیڈمنٹن بوائز میں 29، گرلز میں 32، ٹیبل ٹینس بوائز 15 اور ٹیبل ٹینس گرلز میں 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق بیڈمنٹن بوائز میں قائد اعظم رینجرز اسکول نارتھ ناظم آباد نے سی اے اے ماڈل اسکول نمبر 2ایئر پورٹ کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، بیڈمنٹن گرلز میں ہیپی پیلس گرلز اسکول انچولی برانچ نے فاطمیہ گرلز سیکنڈری اسکول نمائش کو 2-0 سے شکست دے کر فاتح قرار پائی۔

اسی طرح ٹیبل ٹینس بوائز میں فاطمیہ بوائز سیکنڈری اسکول نمائش نے گرین آئس لینڈ فاؤنڈیشن اسکول کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ٹیبل ٹینس گرلز میں فاطمیہ گرلز سیکنڈری اسکول نمائش نے ڈی ایچ اے سی ایس ایس نیلم کیمپس ڈی ایچ اے کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

یاد رہے کہ اس سال ثانوی تعلیمی بورڈ کے ریسرچ اینڈ اسپورٹس سیکشن کے زیر اہتمام اسپورٹس کے تمام مقابلہ جات میں تقریباً 200 سے زائد بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کے نہم و دہم جماعت کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا ہے۔

کرکٹ کے مقابلہ جات عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں جاری ہیں جلد ہی دوسرے کھیلوں کے مقابلہ جات کے انعقاد کا اعلان کر دیا جائے گا۔

 

 

 

 

تعارف: News Editor