انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں بھارتی شائقین کی عدم دلچسپی دیکھنے کو ملی، اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد کم رہی۔
بھارت میں جاری ورلڈکپ کے 13ویں ایڈیشن کا پہلا میچ آج احمد آباد میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کی بیٹنگ اس وقت جاری ہے۔
احمد آباد میں کھیلے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاحی میچ میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کی توقع کی جارہی تھی لیکن پہلی اننگز میں اسٹیڈیم کا بڑا حصہ خالی رہا۔
خیال رہے کہ نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 1 لاکھ 32 ہزار شائقین کی جگہ موجود ہے جس کی وجہ سے اس اسٹیڈیم کو دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا اعزاز حاصل ہے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ 15 اکتوبر کو ورلڈکپ کا پاک بھارت ٹاکرا بھی اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جس میں ہاؤس فل ہونے کے امکانات ہیں۔