قائداعظم ٹرافی: فیصل آباد اور لاہور بلوز کی کامیابی ۔ خرم شہزاد کی دس وکٹیں ۔
صاحبزادہ فرحان کی ڈبل سنچری۔ صائم ایوب کی سنچری
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں فیصل آباد نے فاٹا کو126 رنز سے ہرادیا جبکہ لاہور بلوز نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
ان میچوں کی خاص بات خرم شہزاد کی میچ میں دس وکٹیں اور صاحبزادہ فرحان کی ڈبل سنچری تھی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور ریجن اور لاہور وائٹس کا میچ ڈرا ہوگیا۔
پشاور کی ٹیم لاہور وائٹس کے اسکور 568 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 589 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پشاور کی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان کی ڈبل سنچری تھی
انہوں نے 28چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 245 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔کامران غلام 154 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں گیارہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں364 رنز کا اضافہ کیا۔
محمد رمیز جونیئر نے 221 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور بلوز نے راولپنڈی ریجن کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
راولپنڈی کی ٹیم لاہور بلوز کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 345 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔تیمورخان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں 29 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔حنین شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور بلوز کو جیتنے کے لیے126 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے تین وکٹوں پرحاصل کرلیا۔عثمان صلاح الدین39 اور حسین طلعت32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فیصل آباد ریجن نے فاٹا کو 126 رنز سے شکست دیدی۔
فاٹا کو جیتنے کے لیے 308 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ہی اس کی8 وکٹیں156 رنز پر گرچکی تھیں اور اسے 152 رنز درکار تھے اور اس کی صرف دو وکٹیں باقی تھیں۔آج آخری دن فاٹا کی پوری ٹیم اسکور میں صرف 25رنز کا اضافہ کرکے181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فیصل آباد ریجن کی طرف سے خرم شہزاد نے55 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسطرح انہوں نےمیچ میں78 رنز دے کر10 وکٹیں حاصل کیں۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں کراچی وائٹس اور ملتان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔
کراچی وائٹس کو جیتنے کے لیے 432 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے آج 19 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور3 وکٹوں کے نقصان پر243 رنز اسکور کیے۔
صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کی اننگز میں بارہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
صائم ایوب اور خرم منظور نے پہلی وکٹ کی شراکت میں114 رنز کا اضافہ کیا۔خرم منظور نے41 رنز اسکور کیے۔