پاکستان اور بنگلہ دیش ویمنز ٹیموں کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کل ہوگا۔
چٹوگرام 25 اکتوبر، 2023:
ندا ڈار کی قیادت میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کل بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوگی جو چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
27 اور29 اکتوبر کو اگلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی اسی اسٹیڈیم میں ہونگے جس کے بعد چار، سات اور دس نومبر کو تین ون ڈے انٹرنیشنل ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے۔
پاکستان اسوقت آئی سی سی کی خواتین ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں آٹھویں جبکہ بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک سترہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پندرہ پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کو صرف دو میچوں میں کامیابی حاصل ہوسکی ہے۔آخری کامیابی اس نے حالیہ ایشین گیمز میں حاصل کی تھی۔دونوں ٹیموں کی آخری دو طرفہ سیریز پاکستان نے 2019میں تین صفر سے جیتی تھی۔
پاکستان ویمنز ٹیم بیٹنگ میں بسمہ معروف اور سدرہ امین پر انحصار کرے گی۔ بسمہ معروف نے بنگلہ دیش کے خلاف تیرہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 379رنز بنائے ہیں۔
سدرہ امین آئی سی سی چیمپئن شپ میں اس وقت سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر ہیں انہوں نے634 رنز بنائے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں انہوں نے ایک نصف سنچری کی مدد سے113 رنز بنائے ہیں۔
آل راؤنڈر ندا ڈار بنگلہ دیش کے خلاف 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 101رنز بنانے کے علاوہ16 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔
بولنگ میں پاکستان ویمنز کی طرف سے بنگلہ دیش کِے خلاف نشرہ سندھو آٹھ، ڈیانا بیگ سات اور سعدیہ اقبال چھ وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔
کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ وہ بحیثت کپتان اپنی دوسری دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنا چاہتی ہیں اور اس کے لیے پرامید ہیں۔ ہم بے خوف اور مثبت کرکٹ کھیلیں گی یہی سوچ جنوبی افریقہ کے خلاف رہی تھی جس میں ہمیں کامیابی ہوئی تھی۔
ندا ڈار کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پیر کا میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا لیکن پریکٹس سیشنوں کی وجہ سے ہمیں یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں مدد ملی ہے اور وہ اپنی کھلاڑیوں سے یہی توقع رکھتی ہیں یہ وہ سیریز میں اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلیں گی
اور ہم ایک مثبت نتیجے کی توقع رکھ سکتے ہیں۔بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ میں بہت اچھی ہے انہوں نے حال ہی ہمیں ایشین گیمز میں ہرایا ہے اور ان کی ٹیم میں چند اچھی کھلاڑی موجود ہیں لیکن ہم ایک گیم کو ایک وقت میں نظر میں رکھتے ہوئے سیریز میں آگے بڑھیں گے۔
پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف۔
ناہیدہ خان ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر ) رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) ۔
دورے کا شیڈول اس طرح ہے۔
25 اکتوبر۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔زیڈ اے سی ایس۔ چٹوگرام ۔ میچ کاآغاز ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
27 اکتوبر۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چٹوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام مقامی وقت۔
29 اکتوبر۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ زیڈ اے سی ایس ۔ چٹوگرام ۔ میچ کا آغاز۔ ساڑھے چار بجے شام ۔ مقامی وقت۔
4 نومبر۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس میرپور میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔
7 نومبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے ۔ مقامی وقت۔
10 نومبر۔تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ ایس بی این سی ایس ۔ میرپور۔ میچ کا آغاز۔ صبح ساڑھے نو بجے مقامی وقت۔