پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
پاکستان ویمنز 82 رنز پر آؤٹ ، ناہیدہ اختر کی کریئر بیسٹ پانچ وکٹیں
چٹوگرام 25 اکتوبر،2023:ء
بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جو 19.4 اوورز میں 82 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں بنگلہ دیش ویمنز نے 19.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں بسمہ معروف نے 29 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ منیبہ علی نے تین چوکوں کی مدد سے16 رنز اسکور کیے۔
سلو لیفٹ آرم بولر ناہیدہ اختر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3.4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی بولنگ ہے۔
بنگلہ دیش ویمنز کی اننگز میں کپتان نگار سلطانہ تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ مرشدہ خاتون نے دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے ڈیانا بیگ، ام ہانی اور نشرہ سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اگلے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی اسی اسٹیڈیم میں 27 اور29 اکتوبر کو ہونگے جس کے بعد چار سات اور دس نومبر کو تین ون ڈے انٹرنیشنل ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے۔
مختصراسکور:
پاکستان ویمنز 82 رنز آل آؤٹ ( 19.4اوورز ) بسمہ معروف 20، منیبہ علی 16، نتالیہ پرویز 15؛ ناہیدہ اختر 8 / 5وکٹ
بنگلہ دیش ویمنز 86 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 19.3 اوورز ) نگار سلطانہ 26 ناٹ آؤٹ، مرشدہ خاتون 23