قائداعظم ٹرافی فائنل: کراچی ریجن وائٹس کی ٹیم جیت کے قریب
کراچی ریجن وائٹس کے اسد شفیق کی سنچری،
فیصل آباد ریجن کی دوسری اننگز میں 129 رنز پر 6 وکٹیں گرچکی ہیں۔
لاہور 26 اکتوبر، 2023:ء
قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد کی شکست یقینی دکھائی دے رہی ہے۔اسے کراچی وائٹس نے جیتنے کے لیے 790 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم اس ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد کی دوسری اننگز میں 6 وکٹیں 129 رنز پر گرچکی ہیں اسطرح اسے شکست سے بچنے کے لیے اب بھی 661 رنز درکار ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری فائنل کے چوتھے دن کے کھیل کی خاص بات اسد شفیق اور کپتان سرفراز احمد کی عمدہ بیٹنگ تھی ۔ کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز 238 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 370 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔
اسد شفیق جو گزشتہ روز 60 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 31 ویں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔
یہ اس قائداعظم ٹرافی میں ان کی تیسری سنچری ہے۔ انہوں نے15 چوکوں کی مدد سے 113 رنز اسکور کیے۔
اس طرح اسد شفیق نے اس قائداعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر 670 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز کا اضافہ کیا۔
سرفراز احمد نے 8 چوکوں کی مدد سے73 رنز بنائے۔اس طرح انہوں نے اس قائداعظم ٹرافی میں 697 رنز بنائے جو صاحبزادہ فرحان کے 847 رنز کے بعد دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
فیصل آباد کی طرف سے خرم شہزاد نے49 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 36 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ کراچی وائٹس کے میر حمزہ ابتک 32 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں
فیصل آباد کو دوسری اننگز میں سب سے بڑا دھچکہ محمد حریرہ کی وکٹ کی صورت میں لگا جو صرف 5 رنز بناکر شاہنواز دھانی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے فیصل آباد کی ٹیم شکست کے قریب ہوتی چلی گئی۔
تیمور سلطان 31، علی شان 24، آصف علی 3، عرفان خان 1 اورعلی وقاص 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر کپتان فہیم اشرف 15 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔