آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔
دھرم شالہ کے ہماچل پردیش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 389 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی خوب مقابلہ کیا تاہم میچ کے نتائج کو اپنے حق میں نہ کرسکی، کیوی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز بنائے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 388 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیاکی جانب سے ٹریوس ہیڈ 109 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر 81، مچل مارش 36، اسٹیون اسمتھ اور مارنوس لابوشین نے 18، گلین میکسویل 41 رنز بنائے۔ جوش انگلز نے 38 رنز کی اننگز کھیلی،
کپتان پیٹ کمنز نے 37، مچل اسٹارک نے ایک اور ایڈم زمپا صفر پر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے تین تین، مچل سینٹنر نے دو اور میٹ ہنری اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔