تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے پاکستان ویمنز اے کو3 وکٹوں سے ہرادیا
سیریز دو ایک سے جیت لی ، جینابا جوزف کی ناقابل شکست نصف سنچری
ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے پاکستان ویمنز اے کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسطرح اس نے تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔
یاد رہے کہ پہلا ون ڈے پاکستان ویمنز اے نے 8 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز اے کو بیٹنگ دی جو44.4 اوورز میں 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں مہمان ٹیم نے 44.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کرلیا۔
پاکستان ویمنز اے کی اننگز میں شوال ذوالفقار اور ایمان فاطمہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کیا۔شوال ذوالفقار نے چار چوکوں کی مدد سے 22 رنز اور ایمان فاطمہ نے چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز اسکور کیے۔
تاہم اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔سدرہ نواز نے 37 گیندوں پر27 رنز اسکور کیے۔ انوشے ناصر نے 56 گیندوں پر23 رنز بنائے۔ حمنہ بلال 53 گیندوں پر21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں جس میں تین چوکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی طرف سے جازارا کلیکسٹن نے چھ اوورز میں صرف19 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی اننگز میں شونیلے اور شابیکا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ شونیلے37 اور شابیکا 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
جینابا جوزف نے 84گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 51 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔
پاکستان ویمنز اے کی طرف سے کپتان رامین شمیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 13 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اب تین نومبر سے پاکستان ویمنز اے، ویسٹ انڈیز ویمنز اے اور تھائی لینڈ ایمرجنگ کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔
مختصر اسکور:
پاکستان ویمنز اے 162 رنز ( 44.4 اوورز ) سدرہ نواز 27، انوشے ناصر23، شوال ذوالفقار 22، جازارا کلیکسٹن 19 / 4 وکٹ
ویسٹ انڈیز ویمنز اے 164 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 44.5 اوورز ) جینابا جوزف 51 ناٹ آؤٹ، شونیلے 37، شابیکا 24، رامین شمیم 13 / 4 وکٹ