تیسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 31 رنز سے ہرادیا
منیبہ علی کے61 اور بسمہ معروف کے48 رنز، سعدیہ اور عالیہ کی دو دو وکٹیں
پاکستان ویمنز نے بنگلہ دیش ویمنز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 31 رنز سے شکست دیدی۔
اسطرح تین میچوں کی یہ سیریز دو ایک سے بنگلہ دیش کے نام رہی جس نے پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 5 وکٹوں سے اور دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 20 رنز سے جیتا تھا۔
چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
جواب میں بنگلہ دیش ویمنز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 101 رنز بنا پائی۔
پاکستان ویمنز کی اننگز کی خاص بات منیبہ علی اور بسمہ معروف کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے سدرہ امین کے صرف 2 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 106 رنز کا اضافہ کیا۔منیبہ علی نے 49 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔
یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری ہے۔ اس سے قبل وہ اسی سال آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کرچکی ہیں۔
بسمہ معروف نے 49 گیندوں پر48 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے شامل تھے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے فریحہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ یش ویمنز کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں سعدیہ اقبال نے سمعیہ اختر کو چار رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
شمیمہ سلطانہ اور سبحانہ اسکور کو 38 رنز تک لے گئیں لیکن اس کے بعد پاکستان ویمنز کی بولرز نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
سبحانہ17 اور شمیمہ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ عالیہ ریاض نے ایک ہی اوور میں ناہیدہ اختر کو 5 رنز پر اور شریفہ خاتون کو 18 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔
پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال نے 19 اور عالیہ ریاض نے 24 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ندا ڈار، نشرہ سندھو، ام ہانی اور اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی وحیدہ اختر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج پاکستان نے نجیہہ علوی اور وحیدہ اختر کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیپ دی۔
اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین، چھ اور نو نومبر کو ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے۔
مختصراسکور:
پاکستان ویمنز 132 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 20اوورز ) منیبہ علی 61، بسمہ معروف 48، فریحہ 21 / 2 وکٹ
بنگلہ دیش ویمنز 101 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) شمیمہ سلطانہ 26، سعدیہ اقبال19 / 2 وکٹ، عالیہ ریاض 24 / 2 وکٹ