انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میزبانی میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا 37 واں میچ آج میزبان ٹیم اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ دونوں ٹیمیں کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں مدمقابل ہیں۔
بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ کی قیادت ٹیمبا باووما کررہے ہیں جبکہ بھارت کی کمان روہت شرما نے سنبھال رکھی ہے۔
کرکٹ کے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک اپنے 7،7 میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے بھارت تمام میچز میں ناقابل شکست رہا ہے جبکہ ساؤتھ افریقہ نے 7 میں سے 6 میچز میں فتح حاصل کی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے ورلڈکپ کے دوران بہترین کرکٹ کھیلی ہے۔ اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
دوسری طرف پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔ ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تبریز شمسی کو ٹیم میں واپس لایا گیا ہے۔
بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، سوریہ کمار یادو، رویندر جڈیجا، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد سراج۔
جنوبی افریقہ: ٹمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لنگی نگیڈی، تبریز شمسی