16 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ کا مارگلہ گرینز گالف کلب میں آغاز

 

16 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ کا مارگلہ گرینز گالف کلب میں آغاز

اسلام آباد، 8 نومبر23: مارگلہ گرینز گالف کلب اسلام آباد میں 16ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2023 کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریف کا انعقاد کیا گیا۔

کمانڈر نارتھ و پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ) کموڈور خان محمود آصف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ایونٹ کا افتتاح کیا۔میڈیا بریف کی دوران کموڈور خان محمود آصف نے 8 تا12 نومبر تک منعقد ہونے والے امیچور گالف کپ کی اہمیت اور مختلف کیٹیگریز کے حوالے سے آگاہ کیا۔

سی این ایس امیچور گالف کپ کے میچز چار بڑی کیٹیگریز میں کھیلے جائیں گے جن میں مردوں کے امیچور (54 ہولز)، خواتین امیچور (36 ہولز)، سینئرز امیچور (36 ہولز) اور جونیئرز امیچور(18 ہولز)شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مہمانوں اور اسپانسرز کے لیے9 ہولز پر مشتمل دعوتی میچ بھی کھیلا جائے گا۔

 

پاک بحریہ نے سی این ایس امیچور گالف کپ کا آغاز 2007میں اسلام آباد سے کیا جس کا مقصد پاکستان گالف فیڈریشن کے کلینڈر میں قومی سطح کے گالف مقابلے کی شمولیت تھا۔

تب سے یہ قومی گالف سرکٹ کا ایک باقاعدہ اور بڑا ایونٹ بن چکا ہے۔ ان مقابلوں کا انعقاد دنیا میں پاکستان کے ایک امن پسند اور کھیلوں سے رغبت والی قوم کے مثبت تاثر کو جلا بخشتا ہے۔

اس سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ اس مقابلے کا باقاعدہ انعقاد قومی و بین الاقوامی سطح پرگالف کی ترویج کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا غماز ہے۔

مقابلے کی افتتاحی تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

 

 

تعارف: News Editor