پاکستان ویمنز اے اور تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کی ٹی ٹوئنٹی سیریزآج سے شروع

 

پاکستان ویمنز اے اور تھائی لینڈ ویمنز ایمرجنگ کی ٹی ٹوئنٹی سیریزآج سے شروع

 

پاکستان ویمنز اے اور تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کی ٹیمیں کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہونگی۔

اس سلسلے کا دوسرا میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔

ٹاس صبح ساڑھے دس بجے ہوگا جبکہ میچ کا آغاز گیارہ بجے ہوگا۔ دونوں میچوں کی پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان ویمنز اے ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمنز اے اور تھائی لینڈ ایمرجنگ کو ہراکر سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے۔ پاکستان ویمنز اے ٹیم اس سہ فریقی سیریز میں ناقابل شکست رہی تھی جبکہ تھائی لینڈ ایمرجنگ ٹیم کو ویسٹ انڈیز اور پاکستان دونوں کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کی شوال ذوالفقار نے تین میچوں میں ایک نصف سنچری کی مدد سے سب سے زیادہ 106 رنز بنائے تھے اور وہ سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔

وکٹ کیپر سدرہ نواز نے بھی سیریز میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کے خلاف نصف سنچری بنائی تھی۔بولنگ میں عمیمہ سہیل اور کپتان رامین شمیم نے سب سے زیادہ پانچ پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ تھائی لینڈ کی کپتان تھیپاچا پوتھا وونگ نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔حمنہ بلال صائمہ ملک اور انوشے ناصر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان ویمنز اے کی کپتان رامین شمیم پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ سہ فریقی سیریز کی جیت سے ہمیں کافی اعتماد ملا ہےاور ہم اس جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کے خلاف بھی دو میچ جیتنا چاہتی ہیں۔

تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کی کپتان تھیپاچا پوتھاوونگ کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی ٹیم سہ فریقی سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کرپائی لیکن ان کی کھلاڑیوں نے غلطیوں سے سیکھا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف میچوں میں کامیابی حاصل کرناچاہتی ہیں۔

 

پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

رامین شمیم ( کپتان )، امبر کائنات، انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، فاطمہ شاہد، گل فیروزہ ( وکٹ کیپر )، گل رخ، حمنہ بلال، کائنات حفیظ، نورین یعقوب، عمیمہ سہیل، صائمہ ملک، شوال ذوالفقار، سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) اور تسمیہ رباب۔

 

 

تعارف: News Editor