ورلڈ کپ; آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کو شکست، فائنل میچ بھارت سےاتوار کو ہوگا
…………. اصغر علی مبارک………….
ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت جنوبی
افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
آسٹریلیا کا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت سے مقابلہ اتوار کو ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے آٹھویں مرتبہ ورلڈکپ فائنل کےلیے کوالیفائی کیا ہے کولکتہ ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کا 213 رنز کا ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا تاہم آسٹریلیا نے پہلے ہی اوور میں ایک رن پر جنوبی افریقی کپتان کی وکٹ حاصل کرلی۔ ٹیمبا باووما بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 5.4 اوورز میں 8 رنز پر گری جب کوئنٹن ڈی کوک 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 22 رنز پر گری جب ایڈن مارکرم 10 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے
جس کے بعد اگلے ہی اوور میں آسٹریلوی بولر ہیزل ووڈ نے چوتھی وکٹ بھی حاصل کرلی۔ انہوں نے راسی وینڈر ڈوسن کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ پانچویں وکٹ پر ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن نے 95 رنز جوڑے،
لیکن 119 کے مجموعے پر کلاسن ٹریوس ہیڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر ہیڈ نے مارکو یانسین کو بھی چلتا کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 31 ویں اوور کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 119 رنز ہی بنا سکی تھی۔ ڈیوڈ ملر نے شاندار باری کھیلی، انہوں نے پہلے 19 رنز بنانے والے جیرالڈ کوئٹزی کے ساتھ 53، پھر 4 رنز بنانے والے کیشو مہاراج کے ساتھ 19 اور پھر کگیسو رباڈا کے ساتھ 12 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو 200 کا ہندسہ عبور کروایا۔
ڈیوڈ ملر 116 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیل کر 48ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 5 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ جنوبی افریقی ٹیم 50ویں اوور میں 212 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔
آسٹریلیا کی جانب پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے 3، 3 جبکہ ٹریوس ہیڈ اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے شاندار آغاز کیا اور 6 اوورز میں ہی 60 رنز بنادیے، تاہم ساتویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ وارنر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کو دوسری وکٹ 61 رنز پر مل گئی جب مچل مارش صفر پر آؤٹ ہوئے، لیکن دوسری جانب اوپنر ٹریوس ہیڈ نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جو 69 رنز بنا کر 106 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔
اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، لیکن تبریز شمسی نے یہ خطرناک ہوتی پارٹنرشپ توڑ دی اور 18 رنز بنانے والے لبوشین کو 133 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔
جنوبی افریقہ کو اسکے بعد پانچویں وکٹ بھی مل گئی، جب جارح مزاج گلین میکس ویل کو تبریز شمسی نے ہی 135 کے مجموعے پر کلین بولڈ کردیا۔ ایسے میں اسمتھ نے 30 اور جوش انگلس نے 28 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔
جس کے بعد کپتان مچل اسٹارک نے ناقابلِ شسکت 16 اور پیٹ کمنز نے 14 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو آٹھویں مرتبہ ورلڈکپ فائنل میں پہنچا دیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی اور تبریز شمسی نے دو دو جبکہ کگیسو رباڈا، ایڈن مارکرم اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں نے نو نو میچز کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں نے اپنے سات سات میچز جیتے تھے۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا نے دوسری اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن لے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔اب پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا کا اتوار کو احمدآباد میں ہونے والے فائنل میں دو مرتبہ کی چیمپیئن بھارت سے مقابلہ ہو گا۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:
جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، تبریز شمسی، جیرالڈ کوئٹزے
آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارنس لبوشین، جوش انگلس، اسٹیون اسمتھ، میکس ویل، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا، جوش ہیزل ووڈ