دورۂ نیوزی لینڈ کے پہلے پریکٹس میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی 57 رنز سے کامیابی
کپتان ندا ڈار کی عمدہ بولنگ ، چار وکٹیں حاصل کیں۔
کرائسٹ چرچ 28 نومبر، 2023:
پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے دورے کے پہلے پریکٹس میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو57 رنز سے شکست دیدی۔
برٹ سٹکلف اوول لنکن میں کھیلے گئے پچاس اوورز کے اس میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تمام سترہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔چونکہ یہ پریکٹس میچ تھا لہذا اس میں دونوں ٹیموں کی پندرہ پندرہ بیٹرز نے بیٹنگ کی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 238 رنز بنائے اور اس کی 13وکٹیں گریں۔
وکٹ کیپر بیٹر نجیہہ علوی نے دو چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔
عمیمہ سہیل نے دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کیے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے جی ای ایس سولیون نے 41 رنز دے کر 4 اور کپتان ایل ایم کاسپیرک نے40 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ الیون 50 اوورز کی بیٹنگ میں 181 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی اور اس کی 13 وکٹیں گریں۔اے جی گرکن نے چھ چوکوں کی مدد سے42 رنز اسکور کیے۔این ایچ پٹیل نے24 رنز بنائے۔
کپتان ندا ڈار نے صرف11 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔عالیہ ریاض ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس دورے میں اپنا دوسرا پریکٹس میچ جو ٹی ٹوئنٹی ہوگا نیوزی لینڈ الیون کے خلاف جمعرات کو اسی گراؤنڈ میں کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔