نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا سپر 8 مرحلہ آج سے شروع ہوگا
تین مختلف گراؤنڈز میں یہ میچز کھیلے جائیں گے
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا سپر 8 مرحلہ جمعہ کے روز سے کراچی کے تین مختلف گراؤنڈز میں شروع ہورہا ہے جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور این بی پی اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔یہ مرحلہ آٹھ دسمبر تک جاری رہے گا۔
یہ ٹورنامنٹ اٹھارہ ٹیموں کے ساتھ شروع ہوا تھا جن میں سے آٹھ ٹیموں نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ان آٹھ ٹیموں کے میچز راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ہر ٹیم سات میچ کھیلے گی۔
ان آٹھ میں سے چار ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی جو 9 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 10 دسمبر کو ہوگا یہ تینوں میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان تمام میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت رکھا ہے جو حنیف محمد، فضل محمود اور جاوید میانداد انکلوژر میں بیٹھ کر یہ میچ دیکھ سکیں گے۔
سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں گروپ اے سے لاہور وائٹس اور پشاور، گروپ بی سے لاہور بلوز اور کراچی وائٹس، گروپ سی سے راولپنڈی اور ایبٹ آباد اور گروپ ڈی سے سیالکوٹ اور فاٹا شامل ہیں۔
لاہور وائٹس کے احمد شہزاد ابتک اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں انہوں نے تین لگاتار نصف سنچریوں کی مدد سے 213 رنز بنائے ہیں۔پشاور کے صاحبزادہ فرحان اور راولپنڈی کے ذیشان ملک ٹورنامنٹ میں سنچریاں بنانے والے دو بیٹرز ہیں۔
اسلام آباد کے لیفٹ آرم پیسر عمیر آفریدی نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 12 وکٹیں حاصل کی ہیں تاہم اسلام آباد کی ٹیم سپر ایٹ میں کوالیفائی نہیں کرسکی۔
سپر ایٹ کی ٹیموں میں کراچی وائٹس کے لیگ اسپنر عارف یعقوب نے ابتک 9 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں ایک مرتبہ میچ میں چار وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے کراچی وائٹس کے فاسٹ بولر سہیل خان نے حیدرآباد کے خلاف میچ میں صرف 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جو ابتک اس ٹورنامنٹ کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔
حیدرآباد کے وکٹ کیپر اکبرخان نے ٹورنامنٹ میں چار کیچز اور تین اسٹمپڈ کیے ہیں جبکہ فیلڈرز میں کراچی وائٹس کے اسد شفیق نے چار میچوں میں چھ کیچز کے ساتھ نمایاں ہیں۔
سپرایٹ مرحلے کے پہلے روز چار میچز کھیلے جائیں گے۔
دوپہر 1 بجے دو میچ ہونگے۔راولپنڈی اور ایبٹ آباد کی ٹیمیں یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل ہونگی جبکہ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں فاٹا اور سیالکوٹ کے درمیان میچ ہوگا۔
دو پہر تین بجے پشاور اور لاہور وائٹس کا میچ ہوگا جبکہ رات آٹھ بجے لاہور بلوز اور کراچی وائٹس کا میچ کھیلا جائے گا یہ دونوں میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونگے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جائیں گے جبکہ پی سی بی کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پر غیرممالک کے لیے لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کے تمام میچز دوپہرتین بجے اور رات آٹھ بجے شروع ہونگے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ندیم خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دلچسپ میچز رہے ہیں اور جو ہماری ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو ازسرنو استوار کرتے ہوئے اس میں مسابقت والی کرکٹ کو ظاہر کرتا ہے۔امید ہے کہ سپر ایٹ میں بھی اسی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
تمام آٹھ ٹیمیں اچھی ہیں اور ان کی نظریں ٹرافی اور ٹائٹل پر لگی ہوئی ہیں اور یہ مقابلے دلچسپ رہیں گے اور ہر ٹیم کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنا بہتریین کھیل پیش کرے اور فائنل جیتے۔