ایڈو کیئر اکیڈمی نے پہلی اسٹوڈنٹس گرلز کھو کھو چیمپئن شپ جیت لی ۔”
مہمان خصوصی میڈم اسماء علی شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔
کراچی:(اسپورٹس رپورٹر) ایڈوکیئر اکیڈمی نے فائنل میں المصطفی اکیڈمی کو شکست دے کر پہلی اسٹوڈنٹس گرلز کھو کھو چیمپئن شپ جیت لی ۔ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج النور کے زیر اہتمام اور سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی اور تعاون سے النور گرلز کالج ایف بی ایریا میں منعقدہ رنگا رنگ ایونٹ کے فائنل میں المصطفی اکیڈمی کو دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد چیمپئن ایڈو کیئر اکیڈمی نے 9 کے مقابلے میں 10 پوائنٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
آرگنائزنگ سیکرٹری ڈی پی ای بتول کاظم نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں سات تعلیمی اداروں نے حصہ لیا جن میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج النور، اپوا گورنمنٹ گرلز کالج، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک ایم، گورنمنٹ گرلز ڈگری بلاک کے، ایچ آئی عثمانیہ گرلز کالج ، دی ایڈو کیئر اکیڈمی اور المصطفیٰ اکیڈمی شامل ہیں۔
بتول کاظم نے کہا کہ میں سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے ساتھ کالج کی پرنسپل ، اساتذہ اور کالج کے طلباء کی طرف سے فراہم کردہ ناقابل یقین تعاون اور رہنمائی کے لئے تہہ دل سے شکر گزار ہوں انہوں نے کہا کہ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کا کھو کھو کے کھیل کو فروغ دینے ، ٹورنامنٹ کے انعقاد ،تربیت کے مواقع فراہم کرنے میں آپ کی کوششیں واقعی قابل ذکر ہیں بلکہ آپ نے اس خوبصورت کھیل سے جڑے ثقافتی ورثے کو بھی محفوظ کیا ہے۔
میڈم اسماء علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کے حوالے سے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول ،کالج لیول پر اس قدر تیز رفتار کھیل میں بچیوں کی مہارت دیکھ کر مجھے حیرانی کے ساتھ ساتھ بہت خوشی بھی ہوئی ہے میں سمجھتی ہوں کہ اس کھیل کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو ہم بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
پرنسپل ڈاکٹر رضوانہ صدیقی نے کالج کی جانب سے شیلڈ پیش کی اور میڈم اسماء علی شاہ کی موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کھو کھو ایسوسی ایشن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنا خوبصورت ٹورنامنٹ منعقد کرایا۔
اس موقع پر پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے بانی نوشاد احمد ، سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ، چیئرمین عارف وحید ، سہیل احمد بھٹو اسسٹنٹ ڈائریکٹر گلبرگ ایس ایس ڈبلیو ایم بی، سینیئر جرنلسٹ شکیل یامین کانگا،کراچی کھو کھو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شہروز علوی ،
وسیم ماجد،نیشنل ایتھلیٹ جونٹی ، پروفیسر سعدیہ کاظمی ، پروفیسر شیبا، پروفیسر عائشہ ، پروفیسرثنا ناصر ،پروفیسر زوبیہ باسط، مس حسن فاطمہ، میڈم امبر بٹ، میڈم ارم خان ،سر انیق اور دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر اساتذہ کے درمیان ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا
جسے اساتذہ نے بہت زیادہ انجوائے کیا اور اپنی بچپن کی یادیں تازہ کیں۔
سیمی فائنل مقابلوں میں ایڈو کیئر اکیڈمی نے النور کالج کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6سے جبکہ المصطفی اکیڈمی نے بلاک ایم کالج کو 11-7 سے شکست دی تاہم تیسری پوزیشن کے میچ میں النور کالج نے بلاک ایم کو شکست دے کر کامیابی سمیٹ لی ۔
آخر میں مہمان خصوصی میڈم اسماء علی شاہ نے پرنسپل ڈاکٹر رضوانہ صدیقی ، ڈاکٹر عارف حفیظ، بتول کاظم اور عارف وحید کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔
ایڈو کیئر اکیڈمی کی سروش گلباز خان ، المصطفیٰ اکیڈمی کی سعدیہ یونس اور النور کالج کی ملیحہ خان ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔