نیشنل ٹی ٹوئنٹی سپر 8: پشاور، ایبٹ آباد اور فاٹا کی کامیابی
افتخار احمد کے صرف 24 گیندوں پر55 رنز ناٹ آؤٹ اور دو وکٹیں
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے کے چوتھے روز پشاور، ایبٹ آباد اور فاٹا نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
آج کا آخری میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے لاہور بلوز اور راولپنڈی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے سیالکوٹ کو 73 رنز سے شکست دیدی۔
پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے۔اسراراللہ نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔صاحبزادہ فرحان نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے58 رنز اسکور کیے۔ صاحبزادہ فرحان اور اسرار اللہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 94 رنز کا اضافہ کیا۔
افتخار احمد نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں صرف 24 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے55 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
سیالکوٹ کی ٹیم 20 اوورز میں 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔مومن وقار نے34 رنز اسکور کیے۔بلال آصف نے28 اور عاشر محمود نے25 رنز بنائے۔ عباس آفریدی نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار احمد اور محمد الیاس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افتخار احمد اپنی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایبٹ آباد نے کراچی وائٹس کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔عمیربن یوسف 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔یاسرشاہ نے 27 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد نے سجاد علی اور کامران غلام کی نصف سنچریوں کے نتیجے میں ہدف 18.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سجاد علی نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ کامران غلام نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے51 رنز اسکور کیےاور ناٹ آؤٹ رہے۔ عارف یعقوب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
کامران غلام پلیئر آف دی میچ رہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں فاٹا نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر118 رنز اسکور کیے۔ محمد عرفان نے آؤٹ ہوئے 26 بغیر رنز بنائے۔احمد شہزاد نے 22 رنز بنائے۔معاذ خان نے 18 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا نے مطلوبہ اسکور 14.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ سمیع اللہ جونیئر نے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔خوشدل شاہ 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔
سمیع اللہ جونیئر کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔