پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈائنیٹک کیو سے معاہدہ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائنیٹک کیو کے ساتھ پیر کےروز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یاد رہے کہ ستائیس ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائنیٹک کیو، لفبرا کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بلند کرنے کے ضمن میں ایک اہم قدم ہے۔
اس اشتراک کے نتیجے میں لفبرا یونیورسٹی میں کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی جن میں بائیو مکینکل پہلوؤں، انجریز سے صحت یاب ہونے اور پلیئر ڈیولپمنٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی۔
ڈائنیٹک کیو اس معاہدے کے تحت کوچنگ ایجوکیشن کورسز بھی پیش کرے گا جو عصر حاضر کی ٹیکنالوجی اور پریکٹیکل کوچنگ سے ہم آہنگ ہونگے جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بلند کیا جاسکے گا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان اور سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیاء نے شرکت کی۔
ڈائنیٹک کیو کی نمائندگی سی ای او مکی کلارک، کو فاؤنڈر اور چیف سائنس آفیسر- پروفیسر مارک کنگ اور علی احسان، سی ای او سوچو کرکٹ نے کی۔ یہ تمام افراد وڈیو کال کے ذریعے شریک ہوئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ ڈائنیٹک کیو کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں کیونکہ یہ پاکستان کرکٹ کو مزید اوپر لانے کے ضمن میں ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس اشتراک سے ہمارے کھلاڑیوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل بہتر انداز میں استوار ہوگا۔
اس موقع پر مکی کلارک کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرنا ایک حوصلہ افزا کوشش ہے۔ہمارا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کا کریئر طویل اور بہترین فٹنس کے ساتھ ہو جس میں انجری کا خطرہ کم سے کم ہو۔
ہم اس اشتراک کے آغاز پر آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔