ایبٹ آباد نے پشاور کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

 

ایبٹ آباد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں

سیمی فائنل میں پشاور کو 7 وکٹوں سے شکست

کراچی 9 دسمبر، 2023:ء

 

ایبٹ آباد نے پشاور کو7 وکٹوں سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جہاں اس کا مقابلہ کراچی وائٹس اور راولپنڈی کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

ایبٹ آباد کی جیت میں شہاب خان کی پانچ وکٹوں جبکہ سجاد علی اور فخرزمان کی جارحانہ نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔ فائنل اتوار کی شب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی جو 19.2 اوورز میں 169 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اسراراللہ نے 34 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے جس میں 10 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔اس اننگز میں دوسرا بڑا اسکور 19 رنز سجاد ابراہیم کے تھے۔ افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

شہاب خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ انہوں نے کسی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں ۔انہوں نے فاٹا کے خلاف بھی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
فیاض خان اور عاقب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ایبٹ آباد نے 17.5اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور کرلیا۔

سجاد علی اور فخرزمان کی پہلی وکٹ کی شراکت میں بننے والے 113 رنز نے ایبٹ آباد کی جیت کو آسان کردیا۔
سجاد علی صرف 29گیندوں پر ایک چوکے اور 7 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فخرزمان نے 46گیندوں پر 79رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں 8 چوکے اور5 چھکے شامل تھے۔
شہاب کو ان کی عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

 

error: Content is protected !!