کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا.

 

کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

فائنل میں ایبٹ آباد کو 9 رنز سے شکست

کراچی 11 دسمبر، 2023:ء

فائنل میں اس نے اسد شفیق کی قیادت میں ایبٹ آباد کو 9 رنز سے شکست دے دی۔
یہ اس سیزن میں کراچی کی ٹیم کا دوسرا ٹائٹل ہے اس سے قبل اس نے قائداعظم ٹرافی جیتی ہے جبکہ اس نے پاکستان کپ ایکروزہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی کھیلا ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اتوار کی شب کھیلے گئے فائنل میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر155 رنز بنائے۔
جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 146 رنز بنا پائی۔

کراچی وائٹس کی اننگز میں خرم منظور نے 36 گیندوں پر53 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عمیر بن یوسف نے 30گیندوں پر 36 رنز بنائے جس میں تین چوکے شامل تھے۔ دانش عزیز نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 22 رنز بنائے۔

ایبٹ آباد کی طرف سے شہاب خان نے 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عادل ناز نے 23 اور فیاض خان نے34 رنز دے کردو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کراچی وائٹس کی عمدہ بولنگ کے سبب دباؤ کا شکار رہی۔ فخرزمان تین چوکوں کی مدد سے19 رنز بناکر انور علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ سجاد علی صرف ایک رن بناکر شاہنواز دھانی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام 12 رنز بناکرآفتاب ابراہیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ایبٹ آباد کی 6 وکٹیں صرف 71رنز پر گرگئی تھیں۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے اعتزاز حبیب خان نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
دسویں نمبر کے بیٹر فیاض خان نے صرف 9 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کیے لیکن ایبٹ آباد کی ٹیم ان دونوں کی کوششوں کے باوجود ہدف سے9 رنز دور رہ گئی۔

شاہنواز دھانی کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔انہیں پچاس ہزار روپے کا کیش ایوارڈ ملا۔

افتخار احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے انہیں ڈھائی لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ ملا۔

صاحبزادہ فرحان ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے جنہوں نے ڈھائی لاکھ روپے کیش ایوارڈ حاصل کیا۔

شہاب خان نے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں بھی ڈھائی لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ ملا۔

سجاد علی بہترین وکٹ کیپر بھی ڈھائی لاکھ روپے کیش ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔

فاتح کراچی وائٹس نے پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔ رنرز اپ ایبٹ آباد نے پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔

مختصر اسکور:
کراچی وائٹس 155 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) خرم منظور 53، عمیر بن یوسف 36، شہاب 28 / 4 وکٹ۔

ایبٹ آباد ۔ 146رنز 9 کھلاڑی آؤٹ (20 اوورز ) اعتزاز حبیب خان 43 ناٹ آؤٹ شاہنواز دھانی 16 / 3 وکٹ، دانش عزیز18 / 2 وکٹ، انور علی 26 / 2وکٹ، آفتاب ابراہیم 30/ 2 وکٹ۔

 

 

 

تعارف: News Editor