پاکستان انڈر 19 ٹیم کو انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں شکست.

 

پاکستان انڈر 19 ٹیم کو انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں شکست

متحدہ عرب امارات نے دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے ہرادیا

دبئی 15 دسمبر، 2023:ء

پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کو اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات انڈر کےخلاف 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اب فائنل میں متحدہ عرب امارات انڈر 19 کا مقابلہ بنگلہ دیش انڈر19 سے ہوگا جس نے سیمی فائنل میں انڈیا انڈر19 کو چار وکٹوں سے شکست دیدی۔

جمعہ کے روز آئی سی سی اکیڈمی اوول میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان انڈر19 نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو بیٹنگ دی ۔ متحدہ عرب امارات انڈر 19 ٹیم 47.5اوورز میں 193 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان انڈر19 ٹیم 49.3 اوورز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
متحدہ عرب امارات انڈر 19 کی اننگز میں کپتان آیان افضل خان نے سات چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔آریانش شرما نے 46 رنز اسکور کیے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔

عبید شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 44 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔عرفات منہاس اور علی اسفند نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستان انڈر 19 کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ دوسری ہی گیند پر شامل حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے شاہ زیب خان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 22 رنز تھا اس موقع پر کپتان سعد بیگ اور اذان اویس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 83 رنز کا اضافہ کیا۔ اذان اویس پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سعد بیگ نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ ان دونوں کےآؤٹ ہوتے ہی ٹیم مشکل میں آگئی۔ریاض اللہ 4 اور عرفات منہاس 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جب ساتویں وکٹ گری تو اسکور 121 رنز تھا تاہم علی اسفند، عامرحسن اور محمد ذیشان نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی ہرممکن کوشش کی جو بار آور ثابت نہ ہوسکی۔ علی اسفند 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔عامرحسن ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد ذیشان نے ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے آخری بیٹر عبیدشاہ کوئی رن نہ بناپائے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ایمن احمد اور ہاردیک پائی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان انڈر 19کے تین بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔

تعارف: News Editor