پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن 2024 کیلئے ٹیموں کی تشکیل کا عمل مکمل ہوگیا

 

پی ایس ایل 9 کے پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں فرنچائزز کے مالکان،

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف،کرکٹرز اور کوچز سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

ایونٹ میں شریک تمام 6 فرنچائزز نے مختلف کیٹیگریز سے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور اپنے 18 رکنی سکواڈ مکمل کرلیے۔

پی ایس ایل 9 کی ڈرافٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے کہا کہ میری نیک خواہشات ٹیموں کے ساتھ ہیں، پی ایس ایل کا 2016 میں جو پودا لگا تھا آج تناوردرخت بن چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے، تمام فرنچائزز پی ایس ایل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ہم سب مل کر پاکستان کرکٹ اور لیگ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

پلاٹینم کیٹیگری

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں اپنی پہلی پک میں ڈیوڈ ولی کو پک کرلیا، کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شیرفن ردرفورڈ اور محمد عامر، پشاور زلمی نے افغانستان کے نوراحمد، لاہور قلندرز نے فخر زمان کو ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راؤنڈ میں رسی ون ڈر ڈسن کو پک کرلیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نےانگلینڈ کے جارڈن کاکس کا انتخاب کرلیا، کراچی کنگز نے ڈینئل سیمز اور محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

ڈائمنڈ کیٹیگری

پی ایس ایل 9 کیلئے ڈائمنڈ کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں ملتان سلطانز نے اپنی پہلی پک میں ڈیوڈ ملان کو پک کیا۔

پشاور زلمی نے اپنی پہلی پک میں آصف علی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹائمل ملز ، کراچی کنگز نے نیوزی لینڈ کے ٹم سائفرٹ اور لاہور قلندرز نے صاحبزادہ فرحان کو پک کیا۔

سرفراز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار

پی ایس ایل 9 میں سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار رہیں گے۔

گولڈ کیٹیگری

پشاور زلمی نے گولڈ کیٹیگری میں افغانستان کے نوین الحق کو پک کیا۔

اس کے علاوہ ملتان سلطانز نے گولڈ کیٹیگری میں جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس اور انگلینڈ کے ریسی ٹوپلے کا انتخاب کیا۔

سلور کیٹیگری

پی ایس ایل 9 کے لیے ملتان سلطانز نے سلور کیٹیگری میں طیب طاہر ، شاہ نواز دھانی، محمدعلی اور عثمان خان کو پک کیا۔

لاہور قلندرز نے سلور کیٹیگری میں محمد عمران جونیئر، احسن حفیظ بھٹی اور ڈان لورینس، کراچی کنگز نے سلور کیٹیگری میں محمد عامر خان اور انور علی،عرفات منہاس، پشاور زلمی نے عارف یعقوب ، عمیر آفریدی اور ڈین موسلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان، میتھیو فورڈ ،سلمان علی آغا اور قاسم اکرم، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل، سجاد علی جونیئر اور عثمان قادر کو منتخب کیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایمرجنگ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کوپک کرلیا، پشاور زلمی نے محمد ذیشان، ملتان سلطان نے یاسرخان، لاہور قلندرز نے جہانداد خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عادل ناز اور کراچی کنگز نے سراج الدین کو منتخب کیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری راؤنڈ 2 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خواجہ نافع، لاہور قلندرز نے فریدون محمود اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ کو منتخب کیا۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اور ان کے دونوں بھائی پی ایس ایل 2024 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔

سپلیمنٹری کیٹیگری

کراچی کنگز نے جیمی اوورٹن اور سعد بیگ کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سہیل خان، عاقل حسین، لاہور قلندرز نے شے ہوپ ،کامران غلام ، ملتان سلطانز نے کرس جارڈن ، آفتاب ابراہیم، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شامل حسین، ٹام کرن کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کرلیا۔

پشاور زلمی نےسپلیمنٹری کیٹیگری میں لونگی نگیڈی ، مہران ممتاز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 9 کے لیے 22 ممالک کے 485 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی۔

پی سی بی نے بتایا کہ پلاٹینم کیٹیگری میں 46، ڈائمنڈ کیٹیگری میں 76 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی۔

 

 

تعارف: News Editor