پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل سے کراچی میں آغاز

 

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل سے کراچی میں آغاز

سات ڈپارٹمنٹل ٹیمیں اس فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شریک

کراچی 15 دسمبر، 2023:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کا 16 دسمبر سے آغاز ہورہا ہے۔ یہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ ہے جس میں 7 ڈپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ 31 جنوری تک جاری رہے گا اور اس کے تمام میچز کراچی کے تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شریک سات ٹیموں کے درمیان راؤنڈ رابن لیگ کے تحت مجموعی طور پر 22 میچز ہونگے۔ لیگ میچوں کے سات راؤنڈز مرحلے کے بعد دو ٹاپ ٹیمیں 27 سے 31 جنوری تک ہونے والے فائنل میں مدمقابل ہونگی۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کے انعقاد سے ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہےجو پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2014 کے آئین کی بحالی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔

پریذیڈنٹ ٹرافی آخری مرتبہ 19-2018 میں کھیلی گئی تھی جسے اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے جیتا تھا۔

ڈپارٹمنٹل کرکٹ سے کھلاڑی ریجنل ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کے بعد اضافی ٹورنامنٹس میں حصہ لے سکیں گے ساتھ ہی انہیں آمدنی کا مزید موقع بھی مل سکے گا۔ اس ڈومیسٹک کرکٹ میں اس سےقبل قائداعظم ٹرافی، پاکستان کپ ایکروزہ ٹورنامنٹ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلے جاچکے ہیں۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ندیم خان کا کہنا ہے کہ پریذیڈنٹ ٹرافی سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہوگا ہمیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید سخت مقابلہ اور گہرائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں غنی گلاس اور ہائر ایجوکیشن کو آزمائشی طور پر شامل کیا گیا ہے ان کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا جس کے بعد ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں مزید شرکت کا فیصلہ ان کی پرفارمنس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پریذیڈنٹ ٹرافی میں شریک سات ٹیمیں یہ ہیں:
سوئی ناردن گیس پائپ لائن لمیٹڈ ( ایس این جی پی ایل )، پاکستان ٹیلی وژن ( پی ٹی وی )، اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی )، واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( واپڈا )، خان ریسرچ لیبارٹریز ( کے آر ایل )، ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) اور غنی گلاس۔

ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ 16 سے 19 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے میچز اس طرح ہیں۔
ایس این جی پی ایل بمقابلہ غنی گلاس، نیشنل بینک اسٹیڈیم ۔

پی ٹی وی بمقابلہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس۔

کے آر ایل بمقابلہ واپڈا، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس ۔

 

 

 

تعارف: News Editor