پریذیڈنٹ ٹرافی : زین عباس، محمد سلیم اور افتخار احمد کی سنچریاں

پریذیڈنٹ ٹرافی : زین عباس، محمد سلیم اور افتخار احمد کی سنچریاں

محمد عباس اور محمد رمیز کی چھ چھ وکٹیں ، پی ٹی وی کی ٹیم 66 رنز پر آؤٹ

کراچی 16 دسمبر، 2023:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا ہفتے کے روز آغاز ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی بھی واپسی ہوگئی ہے۔

کراچی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں سات ٹیمیں شریک ہیں۔ ٹورنامنٹ کے قواعد وضوابط کے مطابق ہر میچ میں پہلی اننگز کی بیٹنگ 80 اوورز پر مشتمل ہے جبکہ دوسری اننگز میں اوورز کی کوئی قید نہیں ہے۔

اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں پی ٹی وی نے اسٹیٹ بینک کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن پوری ٹیم صرف 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عزیر ممتاز 21 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
محمد عباس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل نے تین کھلاڑیوں کو18 رنز دے کر آؤٹ کیا۔
اسٹیٹ بینک نے کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔زین عباس تیرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ عمرامین 64 رنز پر کھیل رہے تھے۔یہ دونوں دوسری وکٹ کی شراکت میں 159رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور80 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے۔ عابدعلی نے تیرہ چوکوں کی مدد سے90 رنز اسکور کیے۔
اسد شفیق نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
صاحبزادہ فرحان نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔عمیربن یوسف نے 56 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
لیگ اسپنر محمد رمیز نے 130 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں غنی گلاس نے تین اوورز کی بیٹنگ میں کوئی رن نہیں بنایا تھا اور اس کی کوئی وکٹ نہیں گری تھی۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل نے ٹاس جیت کر واپڈا کو بیٹنگ دی جس نے80 اوورز کی بیٹنگ میں6 وکٹوں کے نقصان پر322 رنز اسکور کیے۔ افتخار احمد نے 180گیندوں پر پندرہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے155 رنز بنائے۔

محمد سلیم نے 117 رنز کی اننگز کھیلی جس میں بارہ چوکے شامل تھے۔ محمد عمران نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کے آر ایل نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے تھے۔

 

 

تعارف: News Editor